لاہور : تمام فلائی اوورز پر ہیوی اور لوڈر گاڑیوں کا داخلہ بند،اضافی نفری بھی تعینات
لاہور ٹریفک پولیس نے فضائی آلودگی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شہر کے تمام فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا۔اچھرہ پل سمیت تمام فلائی اوورز پر ٹرکوں، ڈمپرز اور لوڈر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ ریت، بجری اور اینٹوں سے لدی ٹرالیوں کو بھی فلائی اوورز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔پابندی کا اطلاق شاہدرہ، آزادی، داتا گنج بخش، مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک اور مغلپورہ فلائی اوور سمیت لاہور کے تمام فلائی اوورز پر ہوگا۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ لاہور میں فلائی اوورز پر چڑھتے ہوئے لوڈر گاڑیوں کی زد میں آکر تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے پیش نظر حادثات کی روک تھام کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔انہوں نے سرکل افسران کو ہیوی لوڈر گاڑیوں کا داخلہ روکنے کے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔