اسلام آباد : پولیس ٹیم پر فائرنگ، زیر حراست اشتہاری ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی
اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پولیس ٹیم پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست اشتہاری ملزم زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ تھانہ کوہسار پولیس کی ٹیم زیر حراست ملزم شیر علی عرف علی کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ تھانہ آبپارہ کی حدود میں شکر پڑیاں کے قریب چھپے مسلح ساتھی ملزمان نے اسے چھڑوانے کے لیے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کے دوران زیر حراست اشتہاری ملزم شیر علی عرف علی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔