تازہ ترین

پاکستان نے ٹیکسوں کادائرہ وسیع کرنے،سرکاری اخراجات میں کمی اور انھیں آئینی اختیارات کی تقسیم سے ہم آہنگ کرنے کیلیے عالمی بینک سے 1.7 ارب ڈالر کے کثیرالمراحل قرض پیکیج سے مکمل استفادہ کرنے کافیصلہ کیاہے، تاہم پہلے مرحلے میں قرض کے استعمال اور اصلاحات پر عمل درآمدکی رفتار سست ہونے کے باوجودحکومت نے پروگرام ترک نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ کے نام سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں مستفید ہوں گی۔

ملٹی فیز پروگرام میٹک اپروچ کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.7 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 700 ملین ڈالرکی منظوری گزشتہ سال دی جاچکی ہے۔پہلے مرحلے کے 700 ملین ڈالر میں وفاقی حکومت کیلیے 600 ملین ڈالر اور سندھ حکومت کیلیے 100 ملین ڈالر شامل ہیں۔وفاقی حکومت نے دسمبر 2025 میں 600 ملین ڈالرکاقرض حاصل کیا تھا،جبکہ عالمی بینک نے اس قرض کے نفاذسے متعلق اپنی مسلسل دورپورٹس میں پروگرام کی پیش رفت کو ’’درمیانے درجے کا تسلی بخش‘‘ قرار دیاہے۔عالمی بینک کی اپریل 2026 کی رپورٹ میں کہاگیا تھاکہ قرض کی منظوری 19 دسمبر 2025 کودی گئی، تاہم اس وقت تک اس کانفاذشروع نہیں ہواتھا۔

گزشتہ ماہ جاری ہونیوالی دوسری رپورٹ میں بھی یہی درجہ بندی برقرار رکھی گئی، تاہم اس میں پیش رفت میں بہتری کاذکرکیاگیا۔رپورٹ کے مطابق قرض 14 مئی 2026 کومؤثر ہوااور 29 جون 2026 کو 164.5 ملین ڈالرکی پیشگی رقم جاری کی گئی۔پروگرام کے تحت اگلے مرحلے میں خیبرپختونخواحکومت کیلیے 200 ملین ڈالرکاقرض منظورکیاجارہاہے،جبکہ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں بلوچستان اور پنجاب حکومتوں کو بھی قرض فراہم کیاجائیگا۔

عالمی بینک کے مطابق قرض پیکیج کے تین بنیادی مقاصدمیں ٹیکس محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی ترجیحات اورکارکردگی بہتر بنانا اور مالیاتی و عوامی خدمات سے متعلق اعدادوشمارکے نظام کومضبوط بناناشامل ہیں۔قرض کی اہم شرائط میں زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس عائدکرنا،جائیدادوں کی ٹیکس وصولی بہتر بنانا،زمینوں کے ریکارڈکو ڈیجیٹلائزکرنا اورجائیدادوں کی یکساں بنیادوں پرقیمتوں کاتعین شامل ہے۔

Leave A Comment

Advertisement