تازہ ترین

ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگیا، یورپی کمپنی ایئربس کے جدید طیارے اے 350-1000 یو ایل آر نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ پرواز کرکے دنیا کے طویل ترین فضائی سفر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، طیارے نے آسٹریلیا سے فرانس تک 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر کہیں رکے طے کیا۔

ایئربس کے مطابق یہ تاریخی پرواز 27 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے شروع ہوئی اور 28 جولائی کو فرانس کے شہر ٹولوز میں اختتام پذیر ہوئی۔پرواز کے دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس عبور کیے، شمالی امریکا سے گزرا اور یورپ پہنچا، اس ریکارڈ کی تصدیق انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن نے طیارے کے ڈیٹا اور فلائٹ ریڈار 24 کی مدد سے کی، اس سفر کی ایک غیر معمولی بات یہ بھی تھی کہ طیارے میں سوار عملے نے تین براعظموں اور دو سمندروں کے اوپر سے گزرتے ہوئے دو مرتبہ سورج کو غروب ہوتے اور دو مرتبہ طلوع ہوتے دیکھا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس اور آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے پائلٹس، انجینئرز اور عالمی فضائی تنظیم کا ایک نمائندہ شامل تھا۔

 

یہ پرواز پراجیکٹ سن رائز کے تحت طیارے کی آزمائشی مہم کا حصہ تھی۔ ایئربس نے یہ طیارہ آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے لیے تیار کیا ہے، جس کا مقصد ایسے طویل فضائی روٹس ممکن بنانا ہے جن پر مسافروں کو درمیان میں کسی دوسرے ملک یا شہر میں اترنے کی ضرورت نہ پڑے، ایئربس کے کمرشل ایئرکرافٹ ڈویژن کے سربراہ لارس ویگنر کے مطابق اس کامیابی سے طیارے کی غیر معمولی صلاحیت ثابت ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹاس کے ساتھ شراکت داری اور ایئربس کی ٹیموں کی مشترکہ کوششوں نے دنیا کی طویل ترین کمرشل پرواز کا خواب حقیقت میں بدل دیا،اے 350-1000 یو ایل آر کی خاص بات اس میں اضافی ایندھن ذخیرہ کرنے کے لیے ریئر سینٹر ٹینک کی تنصیب ہے، جس سے طیارے کی پرواز کی صلاحیت میں مزید ایک ہزار ناٹیکل میل کا اضافہ ہوا ہے۔ یہی ٹیکنالوجی اسے سڈنی سے لندن اور نیویارک تک تقریباً 10 ہزار ناٹیکل میل کے براہ راست سفر کے قابل بنائے گی، جن کا دورانیہ 22 گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔

کنٹاس نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت ایسے 12 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔ پہلے طیارے کی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ اسی سال کے آخر میں سڈنی سے لندن کے روٹ پر اس کی باقاعدہ کمرشل پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے،اس پیش رفت سے طویل فاصلے کے فضائی سفر میں ایک نئے دور کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے، جہاں مسافر دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک بغیر کسی ٹرانزٹ کے پہنچ سکیں گے۔

Leave A Comment

Advertisement