کراچی : پولیس کے مبینہ 5 مقابلے، موٹر سائیکل لفٹر ہلاک، 7 زخمی سمیت 11 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے پانچ مبینہ مقابلوں کے دوران ایک موٹر سائیکل لفٹر کو ہلاک اور 7 زخمیوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی۔
بوٹ بیسن پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اتوار بازار کلفٹن بلاک 2 کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ منظور احمد ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شارع نورجہاں پولیس نےنارتھ ناظم آباد بلاک ٹی، ٹینکی گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزمان کی شناخت 35 سالہ فیض عالم ولد محفوظ عالم اور 52 سالہ ذوالفقار بہاول کے نام سے ہوئی، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام عبدالوحید ولد محمد ساجد اور کاظم ولد فرید میاں بتائے۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔گرفتار ملزمان بین الصوبائی موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ کے کارندے ہیں اور شہر میں درجنوں موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
گزری پولیس نےڈیفنس فیز 7 میں عائشہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت 35 سالہ محمد احمد عرف راجہ ولد محمد طفیل اور 40 سالہ کاشف علی عرف بانا ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جوہرآباد پولیس نےفیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں ریاض آٹوز کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد نعمان ولد اعجاز اور علی ولد محمد منہاج کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی پولیس پارٹی نے بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں میرا پیر مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔ہلاک ملزم کی شناخت 25 سالہ سید اعزاز حسین شاہ ولد سید طاہر حسین شاہ کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور بغدادی تھانے کی حدود سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ہلاک ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں موٹرسائیکل لفٹنگ سمیت دیگر نوعیت کے متعدد مقدمات درج تھے۔ لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دی گئی۔
نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 5/B میں صدیق آباد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ فرید احمد ولد عبدالمجید اور 24 سالہ فراز ولد بخت زادہ کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔