ٹھٹھہ:14 سالہ بیٹے کے ہاتھوں مبینہ طور پر 58 سالہ باپ قتل
ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 14 سالہ لڑکے کے مبینہ قینچی کے وار سے باپ جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق گھر کے اندر والد اور بیٹے کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر 14 سالہ علی شیر خانیو نے اپنے والد عزیز خانیو پر قینچی سے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد مبینہ ملزم فرار ہوگیا، جبکہ اہلِ علاقہ مقتول کی لاش کو رورل ہیلتھ سینٹر گھارو منتقل کر گئے، جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
مقتول کے بھائی قیوم خانیو نے واقعے میں مخالفین کے ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مخالفین نے مبینہ طور پر ان کے بھتیجے کو استعمال کر کے ان کے بھائی کو قتل کروایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔