اماراتی پرواز کا کوپائلٹ ممکنہ طور پر دہشتگرد تھا، صدر امریکا
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اماراتی پرواز کا کوپائلٹ ممکنہ طور پر دہشتگرد تھا اور دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی پلمبر نے کوپائلٹ پر قابو پایا۔ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کبھی طیارہ نہ اڑانے والے پلمبر نے طیارے کا کنٹرول سنبھالا، اس کی سمت اوپر کی جانب کی اور اس طرح طیارے کو کریش ہونے سے بچالیا۔ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ وہ کہانی ہے جو انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے سنی ہے، یہ معلوم نہیں کہ یہ کہانی درست ہے یا نہیں۔
دبئی سے اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز کے مبینہ طور پر ایک پائلٹ نے کپتان پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔صدرٹرمپ سے پہلے برطانوی میڈیا نے مسافر امولی ایتالی کے حوالے سےبتایا تھا کہ طیارے کو گرنے سے بچانے والوں میں برطانوی پائلٹ تھا جو اس وقت ڈیوٹی پر نہیں تھا۔مسافر کے مطابق طیارے میں دو یورپی اضافی پائلٹ تھے جن میں سے ایک برطانوی تھا جس نے کاک پٹ میں داخل ہوکر طیارے کو واپس اوپر کیا، مستحکم کیا اور سعودی عرب میں لینڈ کیا۔
قبل ازیں اماراتی پرواز میں پیش آئے واقعہ پر صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے تفصیلی بات چیت کی۔