ڈیموکریٹس کو 34 سال بعد امریکی ایوانِ نمائندگان میں سب سے بڑی اکثریت مل گئی
امریکا کے وسط مدتی (مِڈٹرم) انتخابات میں ریاست نارتھ کیرولائنا کی ایک اہم نشست جیتنے کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کو ایوانِ نمائندگان (ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز) میں 34 سال سب سے بڑی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے نارتھ کیرولائنا میں ری پبلکن حریف کو شکست دے کر اپنی جماعت کے لیے ایک اور نشست یقینی بنائی ہے۔حتمی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار چک ہبارڈ نے 2005 سے اس حلقے کی نمائندگی کرنے والی ری پبلکن رکن ورجینیا فاکس کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور صرف 330 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ یہ حالیہ وسط مدتی انتخابات کے انتہائی سخت مقابلوں میں سے ایک تھا۔امریکی ایوانِ نمائندگان کی مجموعی 435 نشستوں میں سے چار حلقوں کے نتائج ابھی سامنے آنا باقی ہیں، تاہم ڈیموکریٹس کم از کم 258 نشستیں حاصل کرچکے ہیں۔چک ہبارڈ کی کامیابی کے بعد کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے۔
ایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ہیکم جیفریز نے سوشل میڈیا پر اس کامیابی کو رواں صدی میں کانگریس کی کسی بھی جماعت کی سب سے بڑی اکثریت قرار دیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان میں رواں صدی کی سب سے بڑی پارلیمانی اکثریت حاصل کرلی ہے۔ ہیکم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کا پہلا سیاہ فام اسپیکر بننے کا متوقع امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔