ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں: آئزن کوٹ
اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور یشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے فی الحال ایسا کوئی فوری خطرہ نہیں جس کے پیش نظر نئی حکومت کی تشکیل سے پہلے فوجی کارروائی ضروری ہو۔ ان کے اس بیان پر نگراں وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ردعمل دیتے ہوئے سیاسی مخالفین پر ملکی سلامتی کو لاحق خطرات کم کرکے دکھانے کا الزام عائد کیا ہے۔
آئزن کوٹ نے پیر کو اپنی جماعت کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے سب سے سنگین خطرہ اس کے پاس موجود 440 کلوگرام افزودہ یورینیم ہے، جسے تاحال تباہ یا وہاں سے منتقل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو مزید فوجی کارروائی کے بجائے اس ذخیرے کو ختم کرنے یا ایران سے منتقل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
آئزن کوٹ کے بیان کے بعد نیتن یاہو نے اپنی جماعت لیکوڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی اور اس کے وجود کو لاحق سنگین خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت قومی اتحاد پر منحصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان فوری اور سنگین خطرات کو کم کرکے دکھاتے ہیں، وہ سیاسی مقاصد کے تحت ایسا کررہے ہیں۔ نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی کوششوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم سیکیورٹی حکام مبینہ طور پر اس کی مخالفت کررہے ہیں۔ ان کوششوں پر یہ الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ نیتن یاہو نئی حکومت کی تشکیل میں تاخیر کے لیے ایران کے ساتھ تنازع کو ہوا دے سکتے ہیں۔