نیتن یاہو کے ہوٹل کے قریب گٹر سے نکلنے والا پراسرار جوڑا گرفتار
نیویارک میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے قیام والے ہوٹل کے قریب علی الصبح گٹر سے نکلنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔نیویارک پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے دونوں افراد مبینہ طور پر شہر کے سیوریج سسٹم میں داخل ہوکر قیمتی اشیا اور دھاتیں تلاش کرتے تھے۔ کوئنز سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کیون روڈریگز اور 25 سالہ سیموئیل ریورون پر غیر قانونی دخل اندازی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں کو جمعے کی صبح مین ہیٹن کی فوجداری عدالت میں پیشی کے بعد رہا کردیا گیا۔
ریورون کے وکیل برائن کینیڈی نے اپنے مؤکل کا اقوام متحدہ یا کسی غیر ملکی حکومت کے عہدیدار سے تعلق مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ کوئی شخص گٹر میں قیمتی اشیا تلاش کرنے کے لیے داخل ہوا ہو۔ ان کے بقول حالات کی مجبوری انسان کو انتہائی اقدامات پر مجبور کرسکتی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے باعث نیویارک میں سیکیورٹی انتہائی سخت تھی اور گٹر سے نکلنے والے افراد کا مقام نیتن یاہو کے زیر استعمال ہوٹل کے بالکل قریب تھا۔ اسی وجہ سے نیویارک پولیس اور امریکی خفیہ سروس نے فوری طور پر ان افراد کی شناخت اور ان کے گٹر میں داخل ہونے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔حکام کے مطابق تفتیش میں نگرانی کی ویڈیوز، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمروں اور دیگر جدید ذرائع سے مدد لی گئی۔پولیس کے تفتیش کاروں نے پارک ایونیو کے علاقے میں گھر گھر جاکر ویڈیوز حاصل کیں، جہاں عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ صبح چار بجے کے فوراً بعد تین افراد کو دو گاڑیوں میں سوار ہوتے دیکھا گیا تھا۔تفتیش کاروں نے ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر حاصل کرکے اسے پولیس کے لائسنس پلیٹ ریڈر نظام میں ڈالا۔ جس سے پولیس کو گاڑی کی نقل و حرکت کا ریکارڈ ملا، جس میں یہ بھی معلوم ہوا کہ گاڑی مذکورہ مقام پر کب پہنچی اور کب وہاں سے روانہ ہوئی۔پولیس نے نمبر پلیٹ کے ذریعے گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کا بھی سراغ لگایا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں اس سے متعلق سابقہ پولیس کارروائیوں کی باڈی کیم ویڈیوز بھی حاصل کیں۔بعد ازاں تفتیش کار اس مقام پر پہنچے جہاں گاڑی رجسٹرڈ تھی اور نگرانی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص جیسے ہی گاڑی کے قریب پہنچا، اسے گرفتار کرلیا گیا۔
یہ واضح نہیں کہ دونوں مشتبہ افراد کو ایک ساتھ گرفتار کیا گیا یا الگ الگ کارروائی میں پکڑا گیا۔ پولیس مزید مشتبہ افراد کی تلاش بھی کر رہی ہے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ چند ماہ کے دوران نیویارک کے گٹر اور زیر زمین سرنگوں میں غیر معمولی طور پر داخل ہونے کے متعدد واقعات سے مماثلت رکھتا ہے۔بعض شہریوں نے علی الصبح ایسے افراد کی ویڈیوز بھی بنائی ہیں جو مین ہول کے ذریعے گٹر میں داخل ہوتے یا وہاں سے باہر نکلتے دکھائی دیے۔ ان میں بعض افراد ربڑ کے حفاظتی لباس اور بوٹ پہنے ہوئے تھے۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ جن واقعات میں گرفتاریاں عمل میں آئیں، ان میں بعض مشتبہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ وہ گٹر میں سونا، چینیں، انگوٹھیاں یا تانبے سمیت ایسی دھاتیں تلاش کر رہے تھے جنہیں بعد میں فروخت کیا جاسکتا ہے۔