جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کھولنے کیلیے پاکستان کی سفارتی کوششیں، فیلڈ مارشل کا اہم دورۂ ایران مکمل
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل ہوگیا جس میں انہوں نے ایرانی صدر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلۂ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل ہوگیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی ، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر غالیباف،ایرانی وزیرِخارجہ وایرانی وزیرِداخلہ سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے علاقائی امن اورتنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ایرانی قیادت نے مذاکرات،کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پر امن حل میں سہولت کاری کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔