ایف آئی اے کا نجی پیٹرولیم کمپنی کے خلاف کریک ڈاؤن، اربوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والی ایک نجی پیٹرولیم کمپنی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، مذکورہ کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی فروخت کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی، ٹیکسز اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں اربوں روپے کی چوری کی۔ تحقیقاتی ادارے کا دعویٰ ہے کہ بانڈڈ پیٹرولیم مصنوعات کو قواعد و ضوابط کے برعکس فروخت کیا گیا، جس میں ریکارڈ میں ردوبدل اور جعلی دستاویزات کا استعمال کیا گیا۔
ایف آئی اے نے پیٹرولیم کمپنی کے سی ای او سمیت متعدد افسران کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا ہے۔ مقدمہ کسٹمز ایکٹ، تعزیرات پاکستان اور انسدادِ بدعنوانی کے قوانین کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے اس گھپلوں کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا حتمی تعین کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران مزید سرکاری اور نجی شعبے کے افراد کے ملوث ہونے کا بھی امکان ہے، جس کے پیشِ نظر کارروائی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔