تازہ ترین

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے فتنہ الخوارج کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گرد جاوید علی خان عرف سواتی سوات کا رہائشی ہے، جو 2007ء  کے دوران فتنہ الخوارج کے فضل اللّٰہ گروپ میں شامل ہوا تھا۔دہشت گرد نے شکر درہ، شکر ڈیری میں اسکولوں اور پولیس چوکی کو آئی ای ڈی سے تباہ کیا، وہ تھانہ مٹہ پر حملہ کر کے سرکاری اسلحہ لوٹنے اور تھانے کو آگ لگانے میں بھی ملوث ہے۔ 2008ء میں آپریشن کے دوران دہشت گرد مینگورہ میں روپوش رہا اور بیرونِ ملک فرار ہو گیا، 2022ء میں اس نے واپس آ کر دوبارہ دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کیں، اس کے حملے میں 3 شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔ سوات میں کارروائی کے بعد دہشت گرد روپوشی کے لیے کراچی منتقل ہوا، جو مزید کارروائیوں کے لیے یہاں نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔دہشت گرد جاوید علی خان عرف سواتی سی ٹی ڈی سوات کو مطلوب تھا، جسے سی ٹی ڈی سوات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement