پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عظیم انسان ہیں، ایران سے معاہدے میں پاکستان نے مدد کی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف عظیم انسان ہیں، ایران کے ساتھ معاہدے میں پاکستان نے ہماری مدد کی۔صدر ٹرمپ نے امریکی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم انسان ہیں، پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے درمیان اچھی ہم آہنگی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے وزیراعظم کا بہت احترام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایرانیوں کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور ان لوگوں سے واقف تھےاس لیے ایران کے ساتھ امن مذاکرات میں پاکستان نے بہت اچھا کردار ادا کیا۔ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سابقہ معاہدے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ 2015 میں ہونے والا جوہری معاہدہ تباہی کے سوا کچھ نہیں تھا، ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی تک نئے ایرانی رہنما سے بات نہیں کی ہے مگر وہ کافی ہمت رکھتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین سے کہا وہ ایران کے تنازع سے دور رہے، ایران کے ساتھ تنازع میں شامل نہ ہونے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ذاتی طور پر چین سے کہا وہ آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل پر بہت زیادہ انحصار کے باوجود مداخلت نہ کرے اور چینی صدر شی جن پنگ نے تنازعہ سے باہر رہنے پر اتفاق کیا۔