کراچی: شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، میٹرک کے طالبعلم سمیت 2 نوجوان جاں بحق
کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں میٹرک کے طالب علم سمیت دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر بی 14، تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں واقع جوہر چوک کے قریب شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران ہونے والی ہوائی فائرنگ دو نوجوانوں کی زندگی نگل گئی۔فائرنگ سے 17 سالہ سیف اللہ ولد شمشاد موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ 15 سالہ انس شدید زخمی ہوا۔ زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔