ٹرمپ کے آگے سر نگوں: اسرائیل نے ایران پر حملے روکنے کا اعلان کردیا
صدر ٹرمپ کے جنگ بندی کے مطالبے پر اسرائیل نے فوری طور پر ایران پر حملے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اسرائیل نے ایران کے خلاف جاری فضائی اور فوجی حملے فوری طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف عسکری کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
اسرائیلی میڈیا کو ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ امریکا نے ایران کو پیغام دیا ہے کہ اگر وہ میزائل حملے بند کردے تو اسرائیل بھی ایران پر مزید حملے نہیں کرے گا۔صدر ٹرمپ کی اس یقین دہانی کے بعد اسرائیل نے بھی فی الحال ایران کے خلاف اپنی عسکری کارروائیاں معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ایک اور اسرائیلی عہدیدار نے عبرانی میڈیا کو بتایا کہ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر کیا گیا تاہم اس نے واضح کیا کہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی فوجی مہم جاری رہے گی اور اس میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔عہدیدار کے مطابق موجودہ صورتحال سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کا مرحلہ اختتام کے قریب ہے تاہم حتمی فیصلہ اسرائیلی سیاسی قیادت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پیر کے روز ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا۔