کراچی : کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کیس، شاہانہ پیشی , سندھ حکومت نے جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کردیا
منشیات کے بڑے نیٹ ورک کی سرغنہ انمول عرف پنکی کی بغیر ہتھکڑی اور مبینہ پروٹوکول کے ساتھ عدالت میں پیشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سندھ حکومت واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعہ کی رپورٹ طلب اور متعلقہ افسران کے خلاف مشترکہ طور پر انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے واقعے کی شفاف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ اس پورے معاملے کی نگرانی کر رہا ہے۔سندھ حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور رپورٹ آنے کے بعد مزید سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ کافی عرصے سے اس خاتون کی گرفتاری کی کوششیں کی جارہی تھیں۔ملزمہ کے خلاف اے این ایف اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے مقدمات بھی موجود ہیں اور اسے انہی اداروں کی سفارش پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں معاونت کرنے والے تمام افراد ایک گھنٹے میں جیل میں ہوں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کراچی میں منشیات کے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کو چلا رہی تھی اور ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھی۔ملزمہ کا تعلق قصور سے ہے جبکہ وہ کراچی کے علاقے جمشید روڈ بلوچ پاڑہ کی رہائشی تھی۔ ملزمہ اس سے قبل درخشاں تھانے میں بھی گرفتار ہو چکی ہے، جبکہ اس کا بھائی اور گروہ کے دیگر ارکان پہلے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہیں۔منشیات کی خرید و فروخت میں ’پنکی‘ کا نام بطور کوڈ استعمال کیا جاتا تھا تاکہ نیٹ ورک کی سرگرمیاں خفیہ رکھی جا سکیں۔
ملزمہ کے قبضے سے چرس سمیت مختلف اقسام کی منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول اور راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے۔انمول عرف پنکی خواتین رائیڈرز کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرواتی تھی اور اس کے خریداروں میں طلبہ و طالبات سمیت مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ بعض اہم شخصیات کو بھی منشیات فراہم کیے جانے کے شواہد ملے ہیں۔ملزمہ کے خلاف تھانہ گارڈن میں متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ 10 مقدمات میں مطلوب اور مفرور تھی۔ نیٹ ورک سے وابستہ مزید افراد کی گرفتاری اور شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
کراچی: منشیات فروش انمول عرف پنکی کی شاہانہ پیشی، افسران کو طلب کرلیا گیا
کراچی میں منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی عدالت میں شاہانہ انداز میں پیشی کے معاملے پر کراچی پولیس چیف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ساؤتھ زون کے افسران کو طلب کرلیا۔ کراچی پولیس چیف نے واضح کیا ہے کہ تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی سٹی اور متعلقہ انویسٹی گیشن افسران کو طلب کیا گیا ہے۔منشیات فروش خاتون پنکی کے کیس کی تفتیش سنجیدگی سے جاری ہے۔