برازیل : طیارہ عمارت سے ٹکرا گیا،حادثے میں 3 افراد ہلاک
برازیل میںفضائی حادثہ ، ٹیک آف کے چند منٹ بعد ایک چھوٹا طیارہ شہری عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ سنگل انجن پروپیلر طیارہ تقریباً 12:16 بجے پرواز کے بعد صرف 9 منٹ میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے میں کل 5 افراد سوار تھے۔پائلٹ نے پرواز کے دوران کنٹرول ٹاور کو رابطہ کر کے ٹیک آف میں مشکلات کی اطلاع دی تھی، تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ شہری علاقے سیلیویرامیں ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا۔حادثے کے نتیجے میں پائلٹ اور کو پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مسافر بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، باقی دو مسافر شدید زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں، خوش قسمتی سے عمارت کے اندر موجود کوئی شخص متاثر نہیں ہوا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق طیارہ عمارت کی تیسری اور چوتھی منزل کے درمیان ٹکرایا اور اس کا ایک حصہ سیڑھیوں کے حصے میں جا گھسا، تاہم رہائشی اپارٹمنٹس کو براہ راست نقصان نہیں پہنچا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت زور دار دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عمارت سے ایندھن کی شدید بو آنے لگی۔برازیل ایئر فورس اور متعلقہ تحقیقاتی ادارے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا ٹیک آف کے دوران مسئلے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
Leave A Comment