اسٹار فٹبالرانجری کے باعث فیفا ورلڈ کپ 2026 سے باہر
ڈربی کاؤنٹی فٹ بال کلب کے مایہ ناز سٹرائیکر پیٹرک اجیمانگ فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل ایڑی کی شدید تکلیف کا شکار ہو کر اپنی ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ سٹوک سٹی کے خلاف میچ کے پہلے ہاف میں ایک گیند کو سینے پر روکنے کے بعد زمین پر اترتے وقت پیٹرک اجیمانگ کا بایاں ٹخنہ بری طرح مڑ گیا جس کے بعد انہیں انتہائی تکلیف کی حالت میں اسٹریچر پر گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔
ڈربی کاؤنٹی کی انتظامیہ نے کھلاڑی کے اسکینز کے بعد تصدیق کی ہے کہ انجری کی نوعیت سنگین ہے اور وہ رواں موسمِ گرما میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔کلب نے اپنے آفیشل بیان میں پیٹرک اجیمانگ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ان کی واپسی کے لئے کوئی حتمی وقت نہیں دیا جا سکتا مگر اس مشکل گھڑی میں پورا کلب اپنے سٹار کھلاڑی کے ساتھ کھڑا ہے۔
پیٹرک اجیمانگ کی غیر موجودگی امریکی ٹیم کے لئے ایک بڑا نقصان ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے پرامید تھے۔
Leave A Comment