فیفا نے ایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی
عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ایران کی جانب سے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے میچز امریکا سے کسی اور ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد ایران کی شرکت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین بام نے تصدیق کی ہے کہ فیفا نے لاجسٹک رکاوٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے ورلڈ کپ میچوں کو امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کی ایران کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
ایران نے امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور سیکیورٹی خدشات کے باعث مطالبہ کیا تھا کہ اس کے گروپ میچز امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں، تاہم فیفا نے واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور میچز پہلے سے طے شدہ مقامات پر ہی ہوں گے۔میکسیکن صدر شین بام نے فیفا کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میچز منصوبہ بندی کے مطابق امریکا میں کھیلے جائیں گے۔شین بام کا کہنا ہے کہ فیفا نے لاجسٹک، کمرشل معاہدوں، ٹکٹنگ اور براڈکاسٹ شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران کے میچز کی منتقلی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ 2026 فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا جبکہ ایران کو اپنے گروپ میچز امریکا میں کھیلنے ہیں۔ایرانی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اگر سیکیورٹی خدشات دور نہ کیے گئے تو ٹیم کی شرکت پر نظرثانی کی جاسکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔