سابق نائیجیرین فٹبالر دوستانہ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا
نائیجیریا کے 40 سالہ سابق فٹبالر مائیکل اینیرامو دوستانہ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔نائیجیرین فٹبال فیڈریشن (این ایف ایف) نے سابق فٹبالر مائیکل اینیرامو کے موت کی تصدیق کر دی ہے، اس حوالے سے این ایف ایف نے ایک بیان میں کہا کہ مائیکل اینیرامو جمعہ کی صبح کادونا کے علاقے اُنگوان یلوا میں ایک مقامی دوستانہ میچ کے دوران میدان میں گر کر انتقال کر گئے۔این ایف ایف نے بتایا کہ یہ واقعہ میچ کے دوسرے ہاف کے 5 منٹ بعد پیش آیا، اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ تھا۔
این ایف ایف کے جنرل سیکریٹری محمد سنوسی نے تعزیتی پیغام میں کہا یہ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، اس وقت میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں صرف دعا کر سکتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ اور نائیجیریا فٹبال فیملی کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران اینیرامو نے افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے کئی کلبوں کی نمائندگی کی، انہوں نے 2009 میں جمیکا کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں ڈیبیو کرنے کے بعد نائیجیریا کی قومی ٹیم ’’سپر ایگلز‘‘ کیلئے 10 میچز کھیلے۔
Leave A Comment