تازہ ترین

وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے بذریعہ ویڈیو کال گفتگو کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست گفتگو کی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔

چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی مسلسل حمایت اور تعاون سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام  کیلئے باعث فخر ہے۔انہوں نے ذیشان علی کے اہلخانہ اور ساتھیوں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی اور کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابی پر فخر ہے، مسلح افواج کو بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے۔پاکستان کا سپوت خلاء میں پہنچا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی۔انہوں نے پاک ،چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا ءباز کی موجودگی دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے، خلا ءمیں موجودگی پاکستان کےنوجوانوں کیلئے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

خلاءبازمحمدذیشان علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا  ان کیلئے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ وہ زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ وہ طے شدہ منصوبےکے مطابق ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین کےخلائی اسٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں اورتحقیقی کام پوری لگن سےکررہے ہیں۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement