آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کا پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ شیڈول
آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم جنوری 2027 میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ مہمان ٹیم پاکستان شاہینز کے خلاف بھی 3 ون ڈے میچز میں حصہ لے گی۔ دورے کے تمام 6 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق آئرلینڈ کی ٹیم 9 جنوری 2027 کو لاہور پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف اپنی سیریز کا آغاز کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 13 جنوری کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 15 جنوری اور تیسرا میچ 17 جنوری کو شیڈول ہے۔پاکستان شاہینز کے خلاف میچز کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز 20 جنوری سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 22 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 24 جنوری کو کھیلا جائے گا۔