شان ٹیٹ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر
پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
لاہور قلندرز کے آنر ثمین رانا نے شان ٹیٹ کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شان ٹیٹ قلندرز فیملی میں ایک اچھا اضافہ ہیں اور وہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ شان ٹیٹ گلوبل سپر لیگ کے دوران بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کر چکے ہیں جبکہ وہ پی ایس ایل کے علاوہ بھی فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کریں گے۔
لاہور قلندرز کے نئے ہیڈ کوچ شان ٹیٹ نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اگلے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کا ہیڈ کوچ ہوں۔ میں گلوبل سپر لیگ کے دوران گیانا میں لاہور قلندرز کے ساتھ کام کر چکا ہوں اور فرنچائز کے ساتھ میری اچھی انڈراسٹینڈنگ ہے، ہم دونوں ایک دوسرے کے کام کرنے کے انداز سے واقف ہیں۔ہ میں ثمین رانا کے ساتھ مل کر فرنچائز کے معاملات بھی دیکھ چکا ہوں جبکہ پاکستان ٹیم کے ساتھ رہتے ہوئے شاہین آفریدی کے ساتھ بھی کام کرنے کا تجربہ رکھتا ہوں۔مجھے پاکستان کی کنڈیشنز اور یہاں کے کھلاڑیوں کا باخوبی اندازہ ہے، لاہور قلندرز کے بارے میں گزشتہ برسوں کے دوران اچھی باتیں سنتا رہا ہوں۔ لاہور قلندرز کا ہیڈ کوچ بننا میرے لیے خاص بات ہے اور یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں پی ایس ایل کے لیے لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہوا ہوں۔