حوثیوں کا سعودی عرب کے آئل ریفائنری پر حملہ؛ شدید آگ بھڑک اٹھی؛ غیر ملکی ملازم ہلاک
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں آئل ریفائنری پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک نیپالی نژاد ملازم ہلاک اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی اور واقعے کے بعد ریفائنری کے بعض آپریشنز عارضی طور پر روک دیے گئے۔ریسکیو اداروں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ہلاک ہونے والا کارکن نیپالی شہری تھا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہنگامی اور تکنیکی ٹیموں نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی شروع کردی۔ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے اور تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔
یمن میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت کے فوجی اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ جازان ریفائنری کو حوثی گروپ نے نشانہ بنایا۔