تازہ ترین

افریقی ملک کیمرون میں پہاڑی سیاحت کے دوران ہاتھیوں کے جھنڈ نے غیر ملکی سیاحوں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سوئس شہری ہلاک جبکہ متعدد برطانوی اور امریکی سیاح زخمی ہو گئے۔واقعہ ماؤنٹ کیمرون سے واپسی کے دوران پیش آیا، جہاں 6 سیاح مقامی گائیڈز کے ہمراہ پہاڑی راستے سے نیچے اتر رہے تھے کہ اچانک ان کا سامنا 15 ہاتھیوں کے جھنڈ سے ہو گیا، جھنڈ میں ہاتھیوں کے بچے بھی شامل تھے۔ہاتھیوں کے حملہ آور ہونے پر سیاح اپنی جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگے جبکہ بعض نے درختوں پر چڑھ کر پناہ لی۔اس دوران ایک برطانوی سیاح نے درخت کے کھوکھلے تنے میں چھپ کر اپنی جان بچائی اور تقریباً 2 گھنٹے تک وہیں رہا۔

مقامی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی سیاح نے بتایا کہ میں جھاڑیوں میں چھپ گیا تھا اور اس دوران مجھے اپنے ساتھیوں کی چیخ و پکار سنائی دیتی رہی۔حملے کے دوران لندن میں مقیم سوئس شہری اور انشورنس کمپنی کے ایگزیکٹیو ایلین تھرو 1 کھائی میں جا گرے، جہاں ہاتھی نے ان پر حملہ کر دیا، ساتھی سیاحوں کو جب وہ ملے اس وقت وہ ہوش میں تھے، تاہم طبی مرکز پہنچنے سے قبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔برطانوی دفترِ خارجہ نے واقعے میں زخمی ہونے والے برطانوی شہریوں کو معاونت فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے۔

کیمرون کے محکمۂ جنگلی حیات کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہاتھیوں نے سیاحوں کو اپنے بچوں کے لیے خطرہ محسوس کیا ہو گا، جس کے باعث انہوں نے حملہ کیا۔

واضح رہے کہ ماؤنٹ کیمرون میں ہاتھیوں کے حملے کا یہ پہلا مہلک واقعہ نہیں، 2021ء میں بھی ایک جنگلی حیات کے محافظ کی ہاتھی کے حملے میں موت واقع ہوئی تھی۔افریقی جنگلات میں ہاتھیوں کو معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔غیر قانونی شکار اور قدرتی مسکن کی تباہی کے باعث 1984ء سے 2015ء کے دوران ہاتھیوں کی آبادی میں 86 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement