پاکستان انڈر 19 ٹیم کا لاہور میں تربیتی کیمپ شروع
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کی تیاریوں کے لیے لاہور میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔قومی انڈر 19 اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ شاہد انور کی زیر نگرانی پہلے تربیتی سیشن میں بھرپور حصہ لیا، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کرائی گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شیڈول کے مطابق یہ پری سیریز کیمپ 30 نومبر تک لاہور میں جاری رہے گا۔کیمپ کے اختتام پر قومی انڈر 19 ٹیم یکم دسمبر کو لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو جائے گی، جبکہ اسی روز انگلینڈ انڈر 19 کی ٹیم بھی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچے گی۔سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل دونوں ٹیمیں 2 سے 4 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مشترکہ اور الگ الگ ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
دورہ پاکستان کے دوران مہمان انگلش ٹیم اور پاکستان انڈر 19 کے مابین تین ایک روزہ (ون ڈے) میچز اور ایک چار روزہ میچ کھیلا جائے گا۔