سپنر عادل رشید کراچی کنگز کا حصہ بن گئے
کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کے لیے انگلینڈ کے مایہ ناز لیگ اسپنر عادل رشید کو براہِ راست سائن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بہترین وائٹ بال اسپنرز میں شمار ہونے والے عادل رشید اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربہ، شاندار ریکارڈ اور میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت لے کر کراچی کنگز کےسکواڈ کا حصہ بنیں گے،ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے عادل رشید نے جدید کرکٹ کے کامیاب ترین لیگ سپنرز میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ اپنی ورائٹیز، بہترین کنٹرول، گیند کو ٹرن کرانے کی صلاحیت اور اہم مواقع پر حریف ٹیم کی شراکتیں توڑنے کی مہارت کے باعث عادل رشید دنیا کے بہترین بلے بازوں کے خلاف مسلسل متاثر کن کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔
ان کا بین الاقوامی ریکارڈ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، انگلینڈ کی جانب سے 330 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیلنے والے عادل رشید ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 470 سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ان کے کھاتے میں 244 ون ڈے اور 172 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں شامل ہیں، جس کے باعث وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر اور ون ڈے کرکٹ میں ملک کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔