لاہور: مضرِ صحت نوڈلز کھانے سے 2 کمسن بہنیں جاں بحق ، ایک کی حالت تشویشناک
شاہدرہ کے علاقے میں مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا (نوڈلز) کھانے سے دو کمسن بچیاں دم توڑ گئیں، جبکہ ان کی تیسری بہن تشویشناک حالت میں میو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
متاثرہ بچیوں کی والدہ نے بتایا تینوں بچیوں نے رات کے وقت نوڈلز کھائے تھے جس کے بعد اچانک ان کی طبیعت شدید بگڑ گئی۔حالت غیر ہونے پر بچیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تینوں بچیوں کو گزشتہ رات انتہائی تشویشناک حالت میں میو اسپتال لایا گیا تھا، تاہم حالت زیادہ خراب ہونے کے باعث دو بچیاں جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں۔والدہ کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 4 سالہ جنت اور 6 سالہ ماہین شامل ہیں، جبکہ 11 سالہ ایشال اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔