ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مشکوک دستاویزات پر ویزا حاصل کرکے COP31 کانفرنس میں شرکت کے نام پر ترکیہ جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔ مسافر امیش علی فلائٹ FZ326 کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کے نام پر ترکیہ جا رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر COP31 کانفرنس کی آڑ میں ترکیہ کا ویزا حاصل کیا، جبکہ اس کی تعلیمی قابلیت انڈر میٹرک نکلی۔مسافر سے COP31 کانفرنس سے متعلق استفسار کیا گیا تو وہ سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہا۔ مسافر کے سفری دستاویزات اس کے سگے بھائی تنویر احمد نے ایجنٹ کی مدد سے حاصل کیے تھے، جبکہ ویزا کے حصول کے لیے استعمال کیا گیا کمیونٹی بیسڈ ایسوسی ایشن کا لیٹر بھی جعلی نکلا۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافر کی جانب سے پیش کردہ COP31 اور یو این کلائمیٹ سیکریٹریٹ کی ای میلز اس کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ میں موجود نہیں تھیں۔ مسافر کے موبائل فون سے فرانس کا واٹس ایپ نمبر بھی برآمد کرلیا گیا، جبکہ اس کے سامان سے ڈنکی میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا بھی برآمد کی گئیں۔مسافر کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا ہے، جبکہ ایف آئی اے ملتان زون کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave A Comment

Advertisement