ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانتیں خارج
انسدادِ دہشتگردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم عدالتی احاطے میں موجود وکلاء نے مزاحمت کرتے ہوئے گرفتاری روک دی جس پر پولیس نے کچہری کے سارے گیٹ بند کروا دیے۔ وکلا کچہری اور ہائی کورٹ کا دروازہ توڑ کر ہائی کورٹ میں داخل ہوگئے، تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم بھی ہائی کورٹ پہنچ گئے۔انسدادِ دہشتگردی عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد ازاں سناتے ہوئے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی۔
سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان ایف آئی آر میں نامعلوم ملزمان کے طور پر چارج تھے، تاہم شواہد سامنے آنے کے بعد انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ نامزد ملزمان کے وکلاء نے سوال اٹھایا ہے کہ ویڈیو کس نے بنائی اور کیسے سامنے آئی؟ جس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ ویڈیوز سوشل میڈیا سے حاصل کی گئی ہیں اور ملزمان نے خود انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا۔پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) اور نادرا نے ویڈیوز کی تصدیق کی ہے، اور پی ایف ایس اے کی رپورٹ میں یہ ثابت ہوا ہے کہ ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث تھے اور انہوں نے شہریوں کو اشتعال دلایا۔ سوشل میڈیا فوٹیجز کی بنیاد پر نور مقدم کیس اور مشال خان کیس میں بھی ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اپنی حکومت کے دوران ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا تھا جس کا واحد کام ان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرانا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت نے دریافت کیا کہ کیا ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر وقوعہ کے وقت اسی عہدے پر تعینات تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر اس وقت پروگرام مینیجر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔سماعت کے دوران کمرۂ عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ویڈیوز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان میں تو توڑ پھوڑ جیسا کچھ نظر نہیں آیا۔ اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے وضاحت کی کہ ان کا بنیادی کیس ہی یہ ہے کہ ملزمان نے عوام اور کارکنوں کو اشتعال دلایا، اور ویڈیوز میں واضح نظر آ رہا ہے کہ وہ کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم سنادیا۔