رحیم یار خان : ریس لگاتی کار اور ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا،میاں بیوی موقع پر جاں بحق ، 14 سالہ بیٹی زخمی
رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) منٹھار روڈ پر تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں مصروف کار اور ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی 40 سالہ محمد راشد سومرو اور 36 سالہ ثمینہ بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ ان کی 14 سالہ بیٹی سفینہ بی بی زخمی ہو گئی۔ افسوسناک حادثے نے شادی کی تیاریوں میں مصروف گھرانے کو ماتم کدہ بنا دیا۔
محلہ حسین آباد صادق آباد کے رہائشی محمد راشد سومرو اپنی اہلیہ ثمینہ بی بی اور بیٹی سفینہ بی بی کے ہمراہ خریداری کرکے صادق آباد سے چک نمبر 223 پی کی جانب واپس جا رہے تھے کہ منٹھار روڈ پر تیز رفتار کار اور ٹریکٹر ٹرالی کی مبینہ ریس کے دوران دونوں گاڑیاں موٹر سائیکل سے ٹکرا گئیں اور تینوں سوار شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا، جہاں محمد راشد اور ان کی اہلیہ ثمینہ بی بی جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے جبکہ زخمی بیٹی کو طبی امداد فراہم کی گئی ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ منٹھار کو کارروائی کرنے اور موقع سے فرار ڈرائیور کو کار سمیت گرفتار اور ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے