سموگ نے نئی دہلی کو لپیٹ میں لے لیا، اسکول بند، دفاتر میں ورک فرام ہوم نافذ
دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہوا کے معیار میں شدید بگاڑ کے پیشِ نظر بھارت نے اسکولوں کو آن لائن کلاسز منعقد کرنے کا حکم دیا، اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ گھر سے کام کریں اور نجی تقریبات کو ملتوی کر دیں۔ یہ پابندیاں دیوالی سے قبل لگائی گئی ہیں، جو اتوار کو منایا جائے گا۔ اس موقع پر عام طور پر بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے، جس سے ہوا کا معیار مزید خراب ہو جاتا ہے۔
شمالی بھارت کے کئی حصوں میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی آلودگی ایک سالانہ مسئلہ بن جاتی ہے، کیونکہ سرد اور بھاری ہوا گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں، تعمیراتی کاموں کی دھول اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کو اپنے اندر قید کر لیتی ہے۔دہلی جیسے بڑے شہروں میں جہاں 2 کروڑ (20 ملین) لوگ رہتے ہیں، گاڑیوں کی کثرت اور تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بہت سے رہائشی سانس کی تکالیف کا سامنا کرتے ہیں۔