تازہ ترین

امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے امریکا ایران جنگ بندی کے لیے چین سے مدد کی درخواست کر دی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک باخبر امریکی عہدیدار کے حوالے سے یہ رپورٹ کیا ہے کہ امریکا نے چین سے درخواست کی ہے کہ ایران پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے میں مدد کرے جبکہ بیجنگ نے یہ پیغام تہران تک پہنچا دیا ہے۔

 نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کی سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ان کوششوں میں گزشتہ ماہ ایران کے سیکیورٹی چیف محسن رضائی کو ایک مفاہمتی خط بھی بھیجا گیا تھا۔وائٹ ہاؤس اور تہران کے درمیان رابطے کے لیے قطری ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطری عہدیدار علی الثوادی نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت یہ دیکھنے کی منتظر ہے کہ آیا امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے واشنگٹن کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئے گی یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت نے جے ڈی وینس کے خط کو احترام کے اظہار کے طور پر دیکھا اور اس بات کو سراہا کہ انہوں نے جنگ کو ایک غلطی قرار دیا۔علی الثوادی کے مطابق ایرانی قیادت اس بات کا یقین کرنا چاہتی ہے کہ امریکا ایک قابلِ اعتماد فریق ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ستمبر میں واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ایران کے معاملے پر مدد طلب کی تھی۔

ایک باخبر امریکی عہدیدار کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے نجی گفتگو میں امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا تھا کہ ہم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ معاملہ 18 نومبر کو چین کے شہر شین ژین میں ٹرمپ اور شی جن پنگ کی متوقع ملاقات کے دوران ایک بار پھر زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement