امریکا ایران ثالثی پر محتاط انداز میں پُر امید ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ایران امریکا ثالثی کے حوالے سے ہم محتاط انداز میں پُرامید ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا ایک ماہ میں دو بار تہران (ایران) جانا مثبت پیشرفت کی علامت ہے، اگر مثبت پیشرفت نہ ہوتی تو وہ دو بار وہاں نہیں جاتے۔امریکا ایران ثالثی میں کام بگاڑنے والے اور بلاجواز تنقید کرنے والے طاقتور عناصر سرگرم ہیں، یہ وہ طاقتور عناصر ہیں جو سمجھتے ہیں کہ جاری تنازع اور جنگ ان کے مفاد میں ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے میں نئے ممالک کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے، معاہدے کی شقیں نئے ممالک کی شمولیت میں رکاوٹ نہیں ہیں، علاقائی امن کے مشترکہ وژن پر یقین رکھنے والے ممالک کو خوش آمدید کہیں گے۔ایران اگر علاقائی امن کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتا ہے تو وہ معاہدے میں شامل ہو سکتا ہے، کسی نئے ملک کی معاہدے میں شمولیت کا فیصلہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی سیاسی قیادت کرے گی۔سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کا انحصار صورتحال اور سیاسی قیادت کے فیصلوں پر ہوگا، مزید فوجیوں کی تعیناتی کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب کی سیاسی قیادت کرے گی، پاکستان سعودی عرب کے دفاع کیلیے پُرعزم ہے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کا دفاع پاکستان کے عزم کا حصہ ہے۔ پاکستان یمن کے اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہے، یمن کا تنازع یمن کے اندرونی فریقوں کے درمیان ہے۔
خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کیے جائیں گے، دہشتگردی کے خلاف ہماری کارروائیوں کی بنیاد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہیں۔