پشاور : بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 2 بچے جاں بحق، متعدافراد زخمی
پشاور میں سیفن بڈھ بیر کے مقام پر شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی بس اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 پشاور کے کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ مجموعی طور پر 15 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 8 زخمیوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ڈاکٹروں نے کی ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔