تازہ ترین

راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 7 کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 157.22 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 22 لاکھ روپے ہے۔

اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 120 گرام چرس اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

ساہیانوالہ انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 120 کلوگرام چرس، رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام افیون، موٹروے ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

 راولپنڈی انٹرچینج کے قریب ایک کارروائی میں خاتون کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس، جھال چکیاں چوک سرگودھا کے قریب ایک ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس جبکہ جی ٹی روڈ پشاور ٹریول کارگو آفس میں پشاور سے اسلام آباد جانے والی گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 13 کلوگرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement