تازہ ترین

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے تمام ٹیکس ریٹرن اب آن لائن انکم ٹیکس ریٹرن سسٹم (آئی آر آئی ایس) پر جمع کرائے جائیں گے، جبکہ متعلقہ جہاز کی معلومات سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعے خودکار طور پر آئی آر آئی ایس پر منتقل ہوں گی۔نئے نظام کے تحت شپنگ ایجنٹس کو دستی اور کاغذی کارروائی سے نجات مل جائے گی، ریٹرن جمع کراتے وقت جہاز کا نام، بندرگاہ پر آمد اور روانگی کا وقت درج کرنا لازمی ہوگا، جبکہ شپنگ ایجنٹ کا قومی ٹیکس نمبر (این ٹی این) بھی فراہم کرنا ہوگا۔ریٹرن میں جہاز کے کرائے اور دیگر آمدن کی مکمل تفصیلات بھی درج کرنا ہوں گی، ٹیکس کی ادائیگی کے لیے چالان آن لائن تیار ہوگا اور ٹیکس کی رقم جمع ہونے کے بعد ہی ریٹرن کو مکمل تصور کیا جائے گا۔ اگر کسی شپنگ ایجنٹ کو ریٹرن جمع کرانے کے لیے اضافی وقت درکار ہو تو جہاز کی روانگی سے قبل توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔

ایف بی آر نے نئے نظام اور نوٹیفکیشن کے حوالے سے متعلقہ حلقوں سے سات روز کے اندر آرا اور تجاویز طلب کرلی ہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement