پاکستان کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت لیاری ایکسپریس وے پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ کار سے 212 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ برآمد کی گئی چرس کی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ سے آنے والی ایک کار کے ذریعے چرس کراچی منتقل کی جارہی ہے، جو کراچی  سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں سپلائی کی جانی تھی، جس پر خفیہ اطلاع کے بعد لیاری ایکسپریس وے پر نگرانی سخت کردی گئی۔

عیسیٰ نگری انٹرچینج پر کسٹمز ٹیم نے مشتبہ کار کو روکنے کی کوشش کی، تاہم کار سواروں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران مشتبہ کار کسٹمز کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد پائلٹ گاڑیوں سے کسٹمز ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی۔فائرنگ کے باوجود کسٹمز ٹیم مشتبہ کار کو روکنے میں کامیاب ہوگئی۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے ایک ایک کلوگرام چرس کے 212 پیکیٹس برآمد ہوئے، تاہم کار سوار ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement