حکومت سے مذاکرات کامیاب، پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان
پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل نے ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے الائنس کی 15 تنظیموں "پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل" کے صدر تنویر احمد جٹ، سرپرست کونسل محمد الطاف اور بانی راؤ طاہر خان، مرکزی نائب صدر اشرف گجر، کونسل کے لاہور کے چئیرمین زبیر شاکر باجوہ اور شیخوپورہ کے صدر امجد سندھو سمیت دیگر تنظیمی عہدیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹر کی نمائندہ تنظیموں کے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور پورے پاکستان میں فوری طور پر پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔وفاق اور صوبوں سمیت ہر جگہ گڈز ٹرانسپورٹرز اپنی گارڑیاں چلانا شروع کردیں، وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے، عبدالعلیم خان ہمارے جائز مطالبات کو خود دیکھ رہے ہیں اور وہ پورے کریں گے لہٰذا ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہمارے 8 کے قریب فوری نوعیت کے مطالبات مانے گئے ہیں، ٹرانسپورٹرز کے باقی مطالبات کے لیے کمیٹیاں بن گئی ہیں، ہم مذاکرات میں تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں، مطالبات کو سنجیدہ طریقے سے حل کرنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر وزیر پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، پورے ملک کے گڈز ٹرانسپورٹر اتحاد ہماری ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے پر اعتماد کرے، ہمارے الائنس میں اسلام گڈز ٹرانسپورٹ ایسویسی ایشن خیبر پختونخوا گڈز فیڈریشن سمیت 15 تنظیمین شامل ہیں۔