میر رضا علی قتل کیس: والدین اور بہن کی قیادت میں شہریوں کا احتجاج اور دھرنا، انصاف کا مطالبہ
کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان تاج میر رضا سے اظہار یک جہتی کے لیے سوسائٹی قبرستان سے ان کے اہل خانہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں میر رضا کے والد، والدہ اور بہن سمیت خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ریلی کے شرکا نے انصاف کی فراہمی کے حق میں نعرے لگائے۔ شارع فیصل میں ریلی کے دوران مقتول تاجر میر رضا کے والد میر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لخت جگر میر رضا کو ملک سے محبت تھی اور وہ ہر سال یوم آزادی انتہائی خوشی کے ساتھ مناتا تھا، اہل خانہ میر رضا کے قتل کے معاملے میں انصاف چاہتے ہیں اور اس حوالے سے تفتیشی عمل کو قریب سے بھی دیکھ رہے ہیں۔میرے بیٹے کے قتل کی تحقیقات میں غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے، پرانی تفتیشی ٹیم نے 12 دن تک اہل خانہ کے ساتھ کھیل کھیلا، ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی۔ اہل خانہ نے پہلے والی تفتیشی ٹیم پر بھی اعتماد کیا تھا اور اب نئی تفتیشی ٹیم پر بھی بھروسہ کر رہے ہیں، امید ہے کہ میر رضا کے معاملے میں انصاف ہوگا اور اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
میر رضا کی بہن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تفتیش درست سمت میں جا رہی ہے اور نئی تحقیقاتی ٹیم کو کچھ وقت دینا ہوگا۔