رحیم یار خان:خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان کا دورہ
رحیم یار خان (أن لائن ) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان کا دورہ کیا، جہاں صدر پریس کلب راؤ نعمان اسلم نے اپنی کابینہ، سابق صدور اور سینئر صحافیوں کے ہمراہ وائس چانسلر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں جامعہ اور صحافتی برادری کے درمیان روابط کے فروغ، باہمی تعاون کو مستحکم بنانے اور ضلع رحیم یار خان کی تعلیمی، سماجی و معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور میڈیا کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ باہمی احترام، اعتماد اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو عوام تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکتا ہے، جبکہ علاقے کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کے فروغ میں بھی مثبت پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں میڈیا نمائندگان کے ساتھ باضابطہ نشست اور تفصیلی پریس بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں جامعہ کی ترجیحات، جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، مستقبل کے لائحۂ عمل اور علاقائی ترقی کے لیے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ فلاح و بہبود اور جامعہ و میڈیا کے درمیان تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لیے دستیاب امکانات کے مطابق مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب راؤ نعمان اسلم نے وائس چانسلر کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی قیادت میں خواجہ فرید یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت اور نوجوانوں کو بہتر مواقع کی فراہمی کے میدان میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گی۔ انہوں نے جامعہ کی تعلیمی و ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے مثبت، ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی صحافتی معاونت کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سابق صدور میاں احسان الحق، قیصر غفور چودھری اور نور محمد سومرو، سینئر نائب صدر جاوید اقبال، سابق جنرل سیکرٹری ظہیر انور ملک اور محمد ثاقب سندھو، انفارمیشن سیکرٹری چودھری وسیم امیر، ایگزیکٹو ممبر حسین احمد، ممبران محمد سہیل پاشا، حافظ فلک سندھو، صدیق بلوچ، محمد طارق گوندل، اعجاز نذیر، بلال جمشید اور رخسار علی سمیت دیگر ممبران موجود تھے۔ وائس چانسلر کے ہمراہ ڈائریکٹر پریس، میڈیا اینڈ پبلیکیشن ڈاکٹر انور فاروق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پریس، میڈیا اینڈ پبلیکیشن جواد نذیر خان، زین العابدین اور عبدالمعیز بھی شریک تھے۔
Leave A Comment