بھارت: بیوی پر شک، ملزم کی 2 معصوم بیٹیوں کو قتل کر کے خودکشی کی کوشش
بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے 5 اسٹار ہوٹل میں کمرہ بک کیا اور پھر اپنی 2 بیٹیوں کو قتل کر کے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق 2 بچیاں ایک بستر پر مردہ حالت میں پائی گئیں، جبکہ ان کا والد فائیو اسٹار ہوٹل کے بیت الخلاء میں شدید زخمی حالت میں ملا، جسے ہوٹل کے سیکیورٹی عملے نے فوری اسپتال منتقل کر دیا۔ خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کی شناخت 40 سالہ ایس جی عمران کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کی بیٹیوں کی عمریں 10 اور 5 سال کی تھیں۔ہوٹل انتظامیہ کے مطابق ایس جی عمران ٹوائلٹ میں خون میں لت پت پڑا تھا جس کی گردن کٹی ہوئی تھی، جبکہ اس کی بیٹیوں کی لاشیں بستر پر ملی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران کو اپنی بیوی پر شک تھا کہ اس کے کسی اور شخص سے تعلقات ہیں۔ عمران کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ میرے بچے اس طرح کی ماں کے ساتھ پروان چڑھیں، اس لیے میں نے انہیں اور خود کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیٹیوں کا گلا دبا کر قتل کیا اور پھر اس نے اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔ ملزم عمران نے اپنی بیٹیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔