تازہ ترین

پولیس اہلکار بیٹے نے اپنی ضعیف والدہ پر تھپڑوں کی بارش کردی، چہرہ نوچ ڈالا اور کپڑے پھاڑ دیے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے جھنڈا چیچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں راولپنڈی پولیس میں تعینات پولیس اہلکار نے اپنی ضعیف والدہ اور بھائی پر بہیمانہ تشدد کیا۔والدہ کی درخواست پر بدبخت بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اہل کار کی ضعیف والدہ نے بتایا کہ اس کے 3 بیٹے ہیں، جن میں سے 2 فرخ منیر اور کاشف منیر فیملی کے ساتھ میرے پاس ہی رہائش پذیر ہیں۔ فرخ منیر پولیس میں ملازم ہے ، جس نے چابیاں مانگیں تو اسے بتایا کہ چابی گم ہوگئی ہے۔والدہ نے بتایا کہ چابی گم ہونے کا کہنے پر بیٹا فرخ منیر غصے میں آگیا اور مجھے چہرے پر تھپڑ مارے، بالوں سے پکڑا اور کپڑے پھاڑ ڈالے ۔ اس دوران دوسرا بیٹا کاشف منیر مجھے بچانے آیا تو اس سے بھی جھگڑا شروع کردیا۔فرخ منیر نے میرے چہرے پر تھپڑ مارتے ہوئے چہرے کو نوچ بھی لیا، جس سے چہرہ زخمی ہوگیا ، تاہم کاشف منیر نے بمشکل میری جان بچائی اور ریسکیو 15 کو کال کی۔

شمشاد بیگم نے مقدمے میں بتایا کہ فرخ منیر پولیس میں حاضر سروس ملازم ہے، جو کسی وقت بھی مجھے اور میرے دوسرے بیٹے کاشف کو مار سکتا ہے۔ لہٰذا قانونی کارروائی کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

Leave A Comment

Advertisement