فرانس کے مشہور لالیک میوزیم میں کروڑوں یورو مالیت کے زیورات چوری، تحقیقات شروع
فرانس کے معروف شیشے اور جیولری برانڈ لالیک کے میوزیم میں چوری کی ایک بڑی واردات کے دوران کروڑوں یورو مالیت کے قیمتی زیورات چرا لیے گئے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ واردات اتوار کی صبح فرانس کے شمال مشرقی شہر ونگن سر موڈر میں واقع لالیک میوزیم میں پیش آئی۔ چور صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے میوزیم میں داخل ہوئے اور سیدھا زیورات والے حصے کا رخ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 20 قیمتی زیورات چوری کیے گئے ہیں۔چوری ہونے والے زیورات کی مجموعی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق نقصان 40 لاکھ یورو تک پہنچ سکتا ہے۔میوزیم انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ چوری کے واقعے کے بعد میوزیم کو چند روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق واردات کے دوران میوزیم کا الارم بج گیا تھا، تاہم جب تک سکیورٹی کمپنی موقع پر پہنچی، صفائی کرنے والی ایک خاتون پہلے ہی وہاں پہنچ چکی تھیں، جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ میوزیم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔لالیک میوزیم فرانس کے معروف آرٹ نووو اور آرٹ ڈیکو جیولری ڈیزائنر اور شیشے کے ماہر رینی لالیک کے فن پاروں کے لیے مشہور ہے۔ یہ میوزیم 2011 میں کمپنی کی فیکٹری کے قریب قائم کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال پیرس کے مشہور لوور میوزیم میں بھی دن دہاڑے زیورات کی ایک بڑی ڈکیتی ہوئی تھی، جس کے بعد فرانس کے عجائب گھروں اور آرٹ گیلریوں کی سکیورٹی پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ حالیہ واردات نے ایک بار پھر ان خدشات کو بڑھا دیا ہے۔