دوحہ مذاکرات کی امید، تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی
عالمی منڈی میں منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ سرمایہ کار امریکا اور ایران کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ برینٹ کروڈ آئل 75 سینٹ یا 1.03 فیصد کمی کے بعد 72.40 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 47 سینٹ یا 0.66 فیصد کمی کے بعد 70.05 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا ،اماراتی مربن خام تیل کی 67 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار کے مطابق سرمایہ کار دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے مثبت نتائج کی توقع کر رہے ہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل مکمل طور پر معمول پر آنے کے واضح آثار ابھی سامنے نہیں آئے، ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ محتاط انداز میں پرامید ہے، لیکن کشیدگی میں حقیقی کمی کے مزید شواہد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ رابطوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے 17 جون کو طے پانے والی عارضی جنگ بندی کی نازک حیثیت کو اجاگر کر دیا ہے،اس دوران آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی تیل کی ترسیل بھی متاثر رہی، جبکہ اسرائیل نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن کوششوں میں شمولیت اختیار نہیں کی۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق حالیہ حملوں اور کشیدگی کے باوجود مشرق وسطیٰ کے تیل اور ایل این جی پیدا کرنے والے ممالک نے اپنی برآمدی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔