سری لنکا :ایندھن کی قیمتوں میں کمی،ڈیزل 25 روپے، پیٹرول 20روپے سستا ہوگیا
سری لنکا نے ایندھن کی قیمتوں میں 6 فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی توانائی قیمتوں میں اضافے کے بعد پہلی کمی ہے۔سرکاری پیٹرولیم کارپوریشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 25 سری لنکن روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 382 روپے ($1.15) فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے کمی کر کے اسے 414 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ کمی اس وقت سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ امریکہ اور ایران نے اپنے تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ سری لنکا نے رواں سال فروری میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اسی دوران بجلی کے نرخوں میں بھی ایک تہائی اضافہ کیا گیا تھا تاکہ درآمدی لاگت پوری کی جا سکے۔سری لنکا اپنی تمام تر تیل کی ضروریات درآمد کرتا ہے اور بجلی کی پیداوار کے لیے بھی درآمدی کوئلے پر انحصار کرتا ہے، جس کے باعث ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں طویل تنازع ملک کی نازک معاشی بحالی کو متاثر کر سکتا ہے۔
Leave A Comment