عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی
سونے کی عالمی قیمتوں میں بدھ کے روز مزید کمی دیکھی گئی اور یہ تقریباً دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں،اس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور امریکی شرحِ سود میں اضافے کی بڑھتی ہوئی توقعات بتائی جا رہی ہیں،سرمایہ کار اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات سے متعلق ملے جلے اشاروں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے بعد 4,064.01 ڈالر فی اونس تک آگئی، جبکہ اس نے دن کے دوران 11 جون کے بعد کی کم ترین سطح بھی چھو لی، اگست کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1.7 فیصد کمی کے ساتھ 4,080.80 ڈالر پر پہنچ گئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سونے پر دباؤ کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بانڈ مارکیٹ میں پیداوار بڑھ رہی ہے، ڈالر مضبوط ہو رہا ہے اور سرمایہ کار زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی طرف جا رہے ہیں، جس سے سونا جو منافع نہیں دیتا کم پرکشش ہو جاتا ہے۔ڈالر ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جس سے غیر ملکی خریداروں کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔مارکیٹ میں اس وقت یہ توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو اس سال تین بار شرحِ سود میں اضافہ کر سکتا ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے تک صرف ایک اضافے کی توقع تھی، سرمایہ کار اب جمعرات کو جاری ہونے والے امریکی افراطِ زر کے اہم اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جو مستقبل کی مالی پالیسی کے بارے میں مزید اشارے دیں گے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی کمی دیکھی گئی چاندی 1.6 فیصد، پلاٹینم 1.2 فیصد اور پیلیڈیم 1 فیصد تک گر گیا۔
Leave A Comment