فیفا ورلڈ کپ
مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے
فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو ایک صفر سے ہرا کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے، ناکامی کے باوجود اسکاٹ لینڈ کا ایونٹ سے سفر ختم نہیں ہوا ہے۔بوسٹن کے اس میچ میں مراکش کا اسکاٹ لینڈ کے خلاف آغاز انتہائی جارحانہ اور نتیجہ خیز رہا، کھیل کے صرف 71 ویں سیکنڈز میں مراکش کے سائبری نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔پہلے ہاف میں مراکش کے کھلاڑی تو مزید برتری حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ساتھ ہی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اس خسارے کو پورا کرنے میں مصروف رہی لیکن وقفے تک مقابلہ ایک صفر سے مراکش کے حق میں ہی رہا۔دوسرے ہاف میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مراکش کے مقابلے میں زیادہ بہتر کھیلی، اُن کی پاسنگ اور حملے بہتر رہے مگر نتیجہ گول کی صور ت میں پھر بھی نہیں نکل سکا، کھیل کا اختتام ایک صفر سے مراکش کی جیت پر ہوا۔اس کامیابی کے نتیجے میں مراکش نے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے، ناکامی کے باوجود اسکاٹ لینڈ کے ایونٹ میں آگے بڑھنے کے امکانات ختم نہیں ہوئے ہیں۔
امریکا نے آسٹریلیا کو دو صفر سے ہرا دیا
فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں امریکا نے آسٹریلیا کو دو صفر سے شکست دے دی، میگا ایونٹ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکن ٹیم دو مسلسل میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔سیٹل میں کھیلے گئے میچ میں امریکی ٹیم کا گیند پر قبضہ 63 فیصد رہا ، اُن کےکھلاڑیوں نے وقفے وقفے سے آسٹریلیا کے گول پر حملے کئے، ایسے ہی ایک حملے کے نتیجے میں اُن کو برتری گیارہویں منٹ میں ہی مل گئی جب آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون برجس نے گیند اپنے ہی جال میں پہنچا دی۔اسی ہاف کے آخری لمحات میں ایلکس فری مین نے گول کرکے ٹیم کی برتری دو صفر کردی، دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے حملے ہوئے ضرور مگر کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، یوں امریکا نے میچ دو صفر سے جیتا۔امریکا مجموعی طور پر چھ پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست ہوگئی۔
برازیل نے ہیٹی کو شکست دے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی
برازیل نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی کے میچ میں ہیٹی کو شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن سنبھال لی۔برازیلین ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں مراکش کے خلاف مایوس کن ڈرا کے بعد شاندار انداز میں ورلڈکپ میں واپسی کی ہے۔مانچسٹر یونائیٹڈ کے فارورڈ ماتھیوس کونیا نے میچ میں دو گول کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں وینیسیئس جونیئر نے بھی اپنا نام اسکور شیٹ میں درج کرایا۔میچ کے دوران برازیل کو ایک دھچکا بھی لگا جب ونگر رافینیا انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
ہیٹی کی ٹیم مسلسل دوسری شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے کیونکہ اب وہ گروپ میں آخری پوزیشن سے اوپر نہیں آ سکتی۔