ساف چیمپئن شپ: بھارت نے پاکستان کو 3-2 سے ہرادیا
ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-2 سے شکست دے دی۔بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں پاکستان نے انجری ٹائم میں دو گول کرکے واپسی کی کوشش کی، تاہم بھارتی ٹیم اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔
بھارت نے پہلے ہاف میں تین گول اسکور کیے۔ سہیل احمد بھٹ نے 14ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی اور 6 منٹ بعد دوسرا گول بھی کردیا، جبکہ منگلینتھنگ کیپگن نے 32ویں منٹ میں اسکور 3-0 کردیا۔پاکستان کو پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل پنالٹی بھی ملی، تاہم شائیک دوست کا شاٹ بار کے اوپر سے گزر گیا۔ دوسرے ہاف میں پاکستان نے گول کرنے کی کوششیں تیز کیں لیکن انجریز کے باعث ٹیم کو تبدیلیاں بھی کرنا پڑیں۔انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں نجیب اللہ نے جنید شاہ کے کراس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے پاکستان کا پہلا گول اسکور کیا۔ دو منٹ بعد عالمگیر غازی نے میک کیل عبداللہ کے پاس پر پیٹھ کی جانب سے گیند کو اچھالتے ہوئے شاندار اوورہیڈ کک لگائی اور اسکور 3-2 کردیا۔پاکستان نے برابر کرنے کے لیے مزید حملے کیے لیکن بھارت نے کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار 8 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر مالدیپ کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل میں رسائی کے لیے شاہینز کو اس میچ میں مثبت نتیجہ حاصل کرنا ہوگا کیونکہ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی۔